38 ارب کا رمضان پیکیج

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ21لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے13ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے38ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مستحق سفید پوشوں کو شفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی، اس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ، میں نے اس نظام کو وضع کرنے کیلئے خود نگرانی کی، مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا کیونکہ کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کئی مشکلات تھیں، ماضی کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا جب یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ناقص اشیائے خورد و نوش کیلئے مستحقین کو عزت نفس کی قربانی دے کر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، اس میں کرپشن بھی ہوتی تھی۔ انہوں نے یہ اعلان ہفتہ کے روز وزیر اعظم رمضان پیکج 2026 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے بٹن دبا کر رمضان پیکج کے تحت ادائیگیوں کے پروگرام کا اجرا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ،معاون خصوصی ہارون اختر خان، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نہ صرف بدنی عبادات بلکہ رزق حلال سے وسائل کو تقسیم کرنے کا مہینہ بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں