4تاجروں کیساتھ4کروڑ کا فراڈ،ڈاکوؤں کا پیزا ڈلیوری بوائے پر تشدد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈاکوئوں کا ڈلیوری بوائے سے پیزا چھین کر مزاحمت پر تشدد’ کاروبار کا جھانسہ دیکر 4تاجروں کیساتھ 4کروڑ کا فراڈ ، معمولی جھگڑے پر طالب علم نے سکول ٹیچر اور دیگر واقعات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ماں بیٹے سمیت 4افراد لہولہان’ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ کے علاقہ 34 گ ب میں دو مسلح ڈاکوئوں نے ڈلیوری بوائے سلیم سے پیزا’ نقدی چھین کر مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے، جبکہ سوترمنڈی کے تاجر وقاص رشید نے جھنگ بازار پولیس کو بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم انور لطیف نے اڑھائی کروڑ کا دھاگہ خرید کر بدلے میں چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ ستیانہ روڈ کے تاجر شکور کا کہنا ہے کہ وہ الیکٹرانکس کا کام کرتا ہے اس سے ملزم اسلم نے 95لاکھ کا سامان خرید کر بدلے میں چیک دیا جو بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ منڈی کوارٹر کے رہائشی قاسم شوکت کا کہنا ہے کہ وہ پولٹری کا کاروبار کرتا ہے اس کے جاننے والے ملزم فہد نے 40لاکھ کا چکن خریدا، جب رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو لیت ولعل کے بعد چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ ڈی ٹائپ کالونی کے تاجر چوہدری ادریس سے ملزم نے 19لاکھ کی رقم ادھار لیکر جعلی چیک تھما دیا۔ علاوہ ازیں تھانہ ساندل بار کے علاقہ امین پور بنگلہ میں معمولی جھگڑے پر طالب علم عون نے گولی مار کر ٹیچر حفضہ کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جڑانوالہ کے علاقہ 237 گ ب کے رہائشی پرویز کا کہنا ہے کہ عداوت کی بناء پر مشتعل ملزمان ساجد وغیرہ نے اسکی اہلیہ شہناز بی بی اور بیٹے افضال کو تشدد کا نشانہ بنا کر بری طرح زخمی کر دیا۔ جبکہ بلوچنی کے علاقہ 70 رب میں لڈو کھیلتے ہوئے تلخ کلامی پر مشتعل ملزم افتخار احمد نے فائرنگ کر کے مدثر مقبول کو بری طرح لہولہان کر دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں