4لاکھ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف ایکشن کی تیاریاں

لاہور ( بیو رو چیف )محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں4لاکھ سے زائد پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف کاروائیوں کافیصلہ کرلیا’16جون سے ٹیکس نادہندگان کوجائیداد قرقی کے حتمی نوٹسز بھجوائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق 4 لاکھ سے زائد پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں جن کے خلاف جائیداد قرقی کی کارروائیاں کی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے 30 ہزار جبکہ پنجاب بھر کے ایک لاکھ بڑے ٹیکس ڈیفالٹرز کی الگ سے نشاندہی کر لی گئی ہے۔ 16 جون سے ان نادہندگان کو حتمی نوٹسز بھجوائے جائیں گے اور انکار کی صورت میں پولیس کی مدد سے جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔محکمہ ایکسائز کے ذرائع کے مطابق متعدد بار نوٹسز کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کیا گیا، جس پر مالی سال کے اختتام کے پیش نظر جائیداد قرقی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے تمام متعلقہ عملے کی یکم جولائی تک چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق کمرشل اور ڈومیسٹک پراپرٹی مالکان سے ہر صورت واجبات کی وصولی کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ رواں مالی سال میں 55 ارب روپے کے ہدف میں سے اب تک تقریبا 51 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں