4مئی تک بارشیں ہی بارشیں

لاہور(بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری سنادی’ بارشیں برسانے والا سسٹم آج ملک میں داخل ہو گا جبکہ کل سے 4مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔یکم مئی بروز جمعرات سے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، پشاور، چترال، سوات، باجوڑ سمیت بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، بونیر، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، دیر، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ 4 مئی تک جاری رہ سکتا ہے۔دوسری جانب بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی جبکہ درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 6ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ہے جو گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔ادھر سندھ میں بھی سورج مزید قہر ڈھائے گا جہاں پارہ 7ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، ماہرین نے سندھ کے شہریوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔علاوہ ازیں کشمیر اور گلگت بلتستان جیسے نسبتا ٹھنڈے علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی سے بچا کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا استعمال بڑھائیں اور ہلکے لباس پہنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں