4ٹریفک حادثات میں16افراد جاں بحق،33زخمی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈجکوٹ کے قریب ریس لگاتی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوارنوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 259ر ب کا رہائشی طیب موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ 261ر ب کے قریب پہنچا تو ریس لگاتی ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا ۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔دریں ثنائ۔کرک /ہری پور/شیخوپورہ(نامہ نگاران) ٹریفک کے 3حادثات میں 15افراد جاں بحق ’33زخمی ہو گئے’ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں ٹرالر اور مسافر وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں10افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق افسوسناک حادثہ کرک میں انڈس ہائی وئے پر لکی غنڈکی کے قریب پیش آیا، حادثے میں10افراد موقع پر جاں بحق جبکہ8زخمی ہوگئے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق کئی زخمی مسافر پھنس گئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب ہری پور میں شاہ مقصود کے قریب موٹروے پر مسافر کوچ الٹ گئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے میں 2مسافر جاں بحق جبکہ 3غیرملکیوں سمیت 20مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مسافر کوچ گلگت سے راولپنڈی جارہی تھی، کوچ شاہ مقصود کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ افسوسناک حادثہ کوچ کے ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا۔شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر چودھری سٹاپ کے قریب ڈمپر کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5زخمی ہوئے ہیں، واقعے کے بعد رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔حکام کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں