400روپے دیہاڑی کی بات پر ہاکی کے کھلاڑی ناراض

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ 400روپے کے ڈیلی الائونس کی بات کرنا زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ 400روپے تو مزدور کی دیہاڑی نہیں ہے اور ہمیں ڈیلی الائونس دینے کا کہا جا رہا ہے، یہ ہماری بے عزتی ہے ، اس سے بڑھ کر آپ کسی کی کیا بے قدری کریں گے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ روزگار ہے نہیں ، ڈیلی الائونس پہلے بھی وقت پر نہیں ملتا اور اب 400روپے کی بات کی جا رہی ہے، اگر یہی حالات رہے تو ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہوں گے، ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ، ملک کی وجہ سے سب کچھ ہے لیکن 400روپے کا سن کر دکھ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور ہمارے ڈیلی الانس کی سب کو تکلیف ہے۔دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ پی ایس بی نے 400 روپے ڈیلی الائونس دینے کا کہا، ہاکی فیڈریشن 100ڈالر ڈیلی الائونس دیتی ہے، کھلاڑی 100ڈالرز سے مطمئن نہیں تو 400روپے پر کیسے کھیلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں