5ماہ بعد بھی پولیس سینئر صحافی مقبول لودھی کے گھر ڈکیتی کے ملزم پکڑنے میں ناکام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پانچ ماہ گزرنے کے باوجود پولیس فیصل آباد پریس کلب کے سابق صدر وسینئر صحافی مقبول لودھی کے گھر میں وادات میں ملوث کسی ڈاکو کو گرفتار نہیں کر سکی، آر پی او اور سی پی او کی طرف سے بنائی گئی ٹیموں کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق پانچ ماہ قبل پانچ مسلح ڈاکوئوں نے جڑانوالہ کی میونسپل کالونی میں آن لائن انٹرنیشنل نیوز ایجنسی فیصل آباد کے بیوروچیف اور فیصل آباد پریس کلب کے سابق صدر مقبول احمد لودھی کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تقریباً سوا کروڑ روپے کا سونا’ زیورات’ نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا تھا اور فرار ہو گئے تھے ملزمان کی تصاویر موجود ہونے کے باوجود پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی جبکہ آر پی او اور سی پی او نے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر جڑانوالہ سٹی تھانہ کی پولیس اور نااہل افسران پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ڈکیتی کی واردات کا سراغ نہیں لگا سکے ۔ مقبول لودھی نے وزیراعلیٰ اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد پولیس کے نااہل افسران کو فوری معطل کر کے اہل افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ فیصل آباد میں بڑھتی ہوئی وارداتوں میں کمی آسکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں