50سالہ شخص کی خودکشی،گولیاں لگنے سے2افراد لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے شخص نے چھریاں مار کر خودکشی کر لی جبکہ دو افراد نے خود کو گولیاں مار کر لہولہان کر لیا’ مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی ٹائپ کالونی کے 50سالہ راشد نے گھریلو ومعاشی حالات سے دل برداشتہ ہو کر خود کو چھریاں مار کر لہولہان کر لیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ ملت ٹائون کے علاقہ ملت روڈ پر گودام میں پسٹل صاف کرتے ہوئے گولی لگنے سے صدیق ولد محمد دین بری طرح زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں جھنگ روڈ پر 40ج ب میں حالات سے دلبرداشتہ نوجوان حارث نے کمرہ میں جا کر خود کو گولی مار کر بری طرح زخمی کر لیا۔ تاہم متاثرہ افراد کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں