52ویں کامن ٹریننگ کے شرکاء افسران کا ایف ڈی اے سٹی کا دورہ،آصف چوہدری نے خیر مقدم کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول سروس اکیڈمی لاہور میں مختلف 52ویں کامن ٹریننگ کے شرکاء افسران کے گروپ نے مطالعاتی دورہ کے حوالے سے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مہمان افسران کا خیر مقدم کیا اور انہیں ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ اختیار، بجٹ، ترقیاتی سرگرمیوں، فراہم کی جانے والی سروسز اور آئندہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ افسران کے گروپ کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شبیر اکبر زیدی اور قادر نواز کرر ہے تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر /ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کامن ٹریننگ پروگرام کے شرکا افسران کو ملک وقوم کا بہترین اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں بہترین پبلک سروس کیلئے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ایف ڈی اے کی سروسز کی تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد ایف ڈی اے کی 28سے زائد سروسز میں جدت اور ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب پراپرٹی مالکان کو سمارٹ کارڈ جارہی کئے جارہے ہیں جبکہ ای چالان سسٹم رائج کرنے کے علاوہ اونر شپ سرٹیفکیٹ سمیت مختلف نوعیت کے این او سی کے اجرا کے نظام کوآن لائن کر دیا گیا ہے۔اب شہری گھر بیٹھے ہیلپ لائن 1237سے ایف ڈی اے کے سروسز کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی زیر نگرانی حال ہی میں ایک ارب 36کروڑ روپے کی لاگت سے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور اور 70کروڑ روپے کے فنڈز سے سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس مکمل کیاگیا ہے جبکہ سنٹرل پارک کی ڈویلپمنٹ بھی جاری ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران کے بعض سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منظم اور جامع شہری ترقی کیلئے پیری اربن سٹریکچر پلاٹ پر عمل پیرا ہیں جبکہ فیصل آباد ماسٹر پلان کا معاملہ اعلی عدالت میں زیر التوا ہے۔ انہوں نے بتایا کی مستقبل میں اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے نشاط آباد پل شیخوپورہ روڈ سے گٹ والا تک دو رویہ سڑک کی توسیع و تعمیرکے منصوبے سمیت دیگر متعدد شاہرات کی تعمیر کیلئے منصوبہ جات تجویز کئے گئے ہیں فیکلٹی ممبرز اور زیرتربیت افسران نے جامع بریفنگ پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ترقیاتی امور اور عوامی خدمت کے حوالے سے انہیں بے حد مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سید شبیراکبر زیدی اور ڈائریکڑ جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں