53سال تک اندھا بن کر امداد لینے والا نوسرباز پکڑا گیا

روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی میں 70سالہ شخص کو 53سال تک نابینا ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر کے ریاست سے لاکھوں یورو کی امداد لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔اطالوی حکام کے مطابق یہ شخص 1972 میں ایک مبینہ حادثے کے بعد اپنی بینائی کھو دینے کا ڈرامہ کرتا رہا اور خود کو مکمل طور پر نابینا ظاہر کرتا تھا۔ لیکن حالیہ پولیس نگرانی میں انکشاف ہوا کہ وہ عام زندگی گزار رہا تھا، گھر کے کام کاج کرتا، آزادانہ گھومتا پھرتا اور خود سے مختلف کام انجام دیتا تھا۔تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب اٹلی کے مالیاتی محکمے نے معمول کے آڈٹ کے دوران اس شخص کے میڈیکل اور مالی ریکارڈ میں مشکوک چیزیں نوٹ کیں۔ مزید تفتیش سے پتہ چلا کہ اس نے 53 برس تک ڈاکٹروں اور سرکاری اداروں کو دھوکا دیا۔پولیس نے نگرانی کی ویڈیوز میں اسے چلتے پھرتے، کاغذات پڑھتے اور بینک لین دین کرتے ہوئے ریکارڈ کیا۔رپورٹس کے مطابق، اس نے اب تک 2 لاکھ یورو سے زائد رقم بطور معذوری الانس حاصل کی تھی، جسے اب غیرقانونی آمدنی قرار دے کر واپس لیا جا رہا ہے۔وکینزا کے پراسیکیوٹر آفس نے اس شخص کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے، جب کہ اس کی تمام امدادی رقم اور مراعات فوری طور پر منجمد کر دی گئی ہیں۔ حکومت اس سے ناجائز طور پر حاصل کی گئی رقم اور واجب الادا ٹیکس واپس لینے کے اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں