3

55جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ فائونڈیشن کے زیر اہتمام دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں55جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر شہاب اسلم تھے۔معروف مذہبی سکالر قاری نیاز احمد نے خطبہ نکاح کے بعد نوبیاہتا جوڑوں کی خوشحال ازدواجی زندگی کیلئے دعا کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہاب اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت مدینہ فائونڈیشن کی جانب سے اجتماعی شادیوں کے اس اقدام کو سراہتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے شادی شدہ جوڑوں کو نئی زندگی کی شروعات کرنے کے لیے بنیادی اشیا ضروریہ کے تحائف اور جہیز پیکج دینا بھی مدینہ فائونڈیشن کا احسن اقدام ہے۔اس کار خیر میں خدمات پر انہوں نے مدینہ فائونڈیشن اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ اعزاز ریکٹر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تمام نوبیاہاتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کی۔ مدینہ فائونڈیشن کی جانب سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی نئی دلہنوں کو جہیز پیکج اور خصوصی تحائف بھی دیئے گئے۔ تقریب میں موجود 2500سے زائد مہمانوں کے لئے طعام کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے انتظامات میں میں جامعہ فیصل آباد کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، اساتذہ اور طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر نو بیاہتا جوڑوں کے والدین کے چہروں پر تشکر اور مسرت کے جذبات دیدنی تھے اور وہ مدینہ فائونڈیشن کے انتہائی مشکور تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں