6اہم سڑکوں کی مرمت و بحالی،میونسپل سروسز کی فراہمی تیز کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سڑکوں کی تعمیر وترقی کیلئے متحرک’ فیصل آباد شہر کی 6اہم سڑکوں کی کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے مرمت وبحالی کی منظوری۔ تفصیل کے مطابق ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (DDWP) کا اجلاس ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا اور فیصل آباد شہر کی 6اہم سڑکوں جھنگ روڈ’ جڑانوالہ روڈ سے سوساں روڈ’ جیل روڈ’ شیخوپورہ روڈ’ مسجد اسماعیل روڈ’ چناب کلب چوک سے ہلال احمر چوک تک سڑکوں کے مختلف حصوں کی کولڈملنگ ٹیکنالوجی سے مرمت کی منظوری دی گئی، ڈی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں سمندری گوجرہ روڈ اڈا 226 گ ب پلی سے چک 225 گ ب تک سڑک کی مرمت کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں سرکٹ ہائوس میں اضافی بلاک کی تعمیر اور ککوآنہ روڈ کی تعمیر ومرمت وبحالی کی سکیموں پر بھی عملدرآمد کرایا جائیگا۔اجلاس کے دوران ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے متعلقہ محکموں کو ڈی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ہونے والے عوامی بہبود کے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں ناقص میٹریل کا استعمال اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثنائ۔ فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کا مشن تیزی سے جاری۔ڈویژنل کمشنر/ایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت میونسپل کارپوریشن کا اجلاس ہوا ۔ جس میں میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر محمد مرتضیٰ ملک اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انورنے میونسپل کار پوریشن فیصل آباد کے CO محمد مرتضیٰ ملک کو کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمپلینٹ سیل قائم کیاجائے۔شکایت سیل میں شہریوں کو بذریعہ واٹس ایپ کمپلینٹ درج کرانے کی بھی سہولت میسرہونی چاہئے۔میونسپل کارپوریشن میں مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کیا جائے،میونسپل آفیسرزکی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ری سٹریکچرنگ پلان فراہم کرنے کی تاکیدکی۔ میونسپل کارپوریشن کے CO محمد مرتضیٰ ملک نے کمشنر جہانگیر انور کو ذرائع آمدن پر بریفنگ دی،کمشنر نے کہا کہ میونسپل آفیسرز ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔سٹرکوں کے پیچ ورک کے ساتھ لین مارکنگ،سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کو بھی تیزی سے فعال کیا جائے۔انرجی آڈٹ کے لئے صوبائی سطح پر تحریر کیا جائے۔ای بز پروگرام پر عملدرآمد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے عوامی توقعات سے بڑھ کر اقدامات ناگزیر ہیں۔میونسپل کارپوریشن کے افسران فیلڈ میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے نظر آنے چا ہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں