اسلام اآبا د(بیو رو چیف ) پاکستان میں تقریبا 7ماہ کے دوران منافع کی شرح میں تیزی سے کمی کی وجہ سے ٹریژری بلز(ٹی بل) سے 87فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری نکال لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران ٹی بلز پر منافع آدھا رہ گیا، غیر ملکی سرمایہ کاری کا یہ بڑا اخراج ایک سال سے زیادہ عرصے تک مستحکم شرح تبادلہ کے باوجود ہوا۔مالیاتی مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی بلز سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے اخراج میں کئی دیگر عوامل بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی کے آغاز سے 17جنوری تک ٹی بلز میں 98کروڑ 40لاکھ ڈالر کی آمد ہوئی، جب کہ اسی عرصے کے دوران بیرون ملک سے نکالی گئی سرمایہ کاری 85کروڑ 20لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ٹی بلز پر منافع 24 فیصد کی بلند ترین سطح سے 50فیصد سے زیادہ کم ہوا، جس کی بنیادی وجہ جون 2024کے بعد سے شرح سود میں زبردست کمی ہے، اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو ایک ہزار بیسس پوائنٹس کم کرکے 12فیصد کر دیا۔
