8بازاروں اور سرسید ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کی زیرنگرانی شہر کے 8بازاروں سمیت مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری’ انکروچمنٹ عملہ اور ہیوی مشینری کے ذریعے شہر کی مختلف مارکیٹوں’ گلی’ محلوں میں پختہ تجاوزات کو مسمار کیا جا رہا ہے اور جبکہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے 28اپریل تا 10مئی تک تجاوزات کے خاتمہ کیلئے نئے شیڈول کا اعلان کر دیاگیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے عملہ کے ہمراہ گزشتہ روز سرسید ٹائون’ ڈجکوٹ روڈ اور کالج روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا اور تاجروں اور شہریوں کو کہا کہ وہ اپنے گھروں کے باہر تھڑوں’ گیراج کو ازخود ختم کر دیں’ ہیوی مشینری سے توڑا گیا تو ان کا زیادہ نقصان ہو گا۔ دکاندار اپنی دکان کے سامنے فٹ پاتھ کو کلیئر رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو مشکل نہ ہو۔ ایم سی ایف کی جانب سے شہر کے 8بازاروں اور دیگر علاقوں میں انسداد تجاوزات کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کل 28اپریل کو غلام محمد آباد مدینہ چوک اور اسکے ملحقہ گلیوں اور بازاروں میں آپریشن ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ کارخانہ بازار’ گول مکی مارکیٹ’ مندر گلی’ ریلبازار اور گول کپڑا میں آپریشن کیا جائے گا۔ 29اپریل بروز منگل کو سوساں روڈ’ مدینہ ٹائون اور کالج روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، اسکے ساتھ ساتھ بھوآنہ بازار’ سرکلر روڈ’ ریگل روڈ اورڈگلس پورہ میں بھی آپریشن ہو گا۔ 30اپریل کو ڈائیوو روڈ پر گرینڈ آپریشن کیا جائے گا اور 8بازاروں کے جھنگ بازار’ منٹگمری بازارا ور اسکی ملحقہ گلیوں میں آپریشن کیا جائے گا تاکہ کوئی دوبارہ تجاوزات نہ کرے۔ 2مئی کو انسداد انکروچمنٹ کا عملہ ہیوی مشینری کے ہمراہ میلاد روڈ کا رخ کریگا اور اس کے ساتھ ساتھ شہر میں کچہری بازار تا چنیوٹ بازار’ گول کپڑا میں بھی آپریشن ہو گا۔ 3مئی کو پٹھان والا چوک تا بائو والا روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اسکے ساتھ ساتھ امین پور بازار’ بھوآنہ بازار’ منشی محلہ’ نیو انارکلی گلی نمبر 5،6،7 کا بھی وزٹ کیا جائے گا۔ 5مئی کو سرگودھا روڈ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال روڈ سے تجاوزات کو ہٹایا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ کارخانہ بازار’ محمدی مارکیٹ’ ریلبازار اور مندر گلی سے تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا۔ 6مئی کو چباں روڈ تا گلستان کالونی اکبر چوک میں انسداد انکروچمنٹ آپریشن کیا جائے گا اور اس کے ساتھ سرکلر روڈ گمٹی چوک تا چنیوٹ بازار آپریشن ہو گا۔ 7مئی کو منصورآباد روضہ پارک کے علاقوں میں آپریشن کر کے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ منٹگمری بازار گول صابن والا’ گول کریانہ اور پرانی لکڑمنڈی میں آپریشن کیا جائے گا۔ 8مئی کو ملک پور سٹیم پاور تا چونگی نمبر5 پر تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا اور اس کے ساتھ امین پور بازار’ بھوآنہ بازار اور اسکی ملحقہ گلیوں میں آپریشن ہو گا۔ 9مئی کو جھمرہ روڈ سے بھائی والا تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ریگل روڈ ملحقہ گلیوں ‘ جھنگ بازار اور گول لکڑوالا میں آپریشن ہو گا۔ 10مئی کو مدینہ ٹائون بسم اﷲ چوک اور گردونواح میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور کارخانہ بازار’ مکی مارکیٹ’ بیرون کارخانہ تا گمٹی چوک کا بھی وزٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور کسی کو بھی دوبارہ تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں