8بازاروں میں بدترین تجاوزات،پیدل چلنا بھی دشوار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ملک کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے چوک گھنٹہ اس کے ملحقہ بازاروں میں بد ترین تجاوزات، شہریوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا۔ جبکہ شہر بھر میں تجاوزات مافیا نے دوبارہ پنچے گاڑھنا شروع کر دیئے، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی سابقہ کاوشیں رائیگاں ، اب موصوفہ کو دوبارہ ایم او آر کا چارج سنبھالنے کے بعد تجاوزات مافیا کے خلاف نئے سرے سے ایکشن لینا پڑے گا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنانے کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیتے ہوئے بازاروںمیں تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ دکانوں کے باہر ایک ہی طرح کے بورڈ آوایزاں کروائے ، تاجروں کی جانب سے دکان کے باہر رکھا جانے والا سامان اٹھوایا اور دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان بھی ضبط کیا اورروزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا اور فٹ پاتھ خالی کروائے جس کی وجہ سے8بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والوں کو خوش گوار ماحول ملا اور اس کے ساتھ ساتھ عظمت فردوس نے شہر بھر کی مارکیٹوں ،بازاروں اور گلی محلوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو ہیوی مشینری کیساتھ مسمار کیا،شہر بھر کی مین شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کیا۔ تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پیرا فورس قائم کرنے کے بعد موصوفہ سے چارج واپس لے لیا تو شہر بھر میں تجاوزات مافیا نے دوبارہ سر اٹھا لیا، 8بازاروں سمیت شہر بھر میں تجاوزات مافیا نے دوبارہ تجاوزات قائم کر لیںتو ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو تجاوزات کے خاتمہ کیلئے دوبارہ ٹاسک سونپ دیا گیا۔ آج کل 8بازاروں میں دوبارہ بد ترین تجاوزات قائم ہو چکی ہیں، دکانداروںنے فٹ پاتھوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔اور وہیکل فری ہونے کی بجائے 8بازاروں میں بد ترین تجاوزات قائم ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا فٹ پاتھ تو درکنار روڈ پر چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔جبکہ شہر بھر کی دیگر مارکیٹوں ، شاہراہوں ، گلی محلوں میں بھی دوبارہ تجاوزات قائم ہو چکی ہیں تاہم ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محترمہ عظمت فردوس تجاوزات کے خاتمہ کا دوبارہ چارج سنبھال کر 8بازاروں سمیت شہر بھر کے وزٹ کر کے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کوشاںہیں، انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کر کے تجاوزات کے خاتمہ کو دوبارہ ڈیمانڈ کر دیا ہے اور ان کو دوبارہ نئے سرے سے محنت کرنا پڑ رہی ہے۔ تاہم شہری حلقوں نے موصوفہ کو دوبارہ چارج لینے پر خرا ج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو گا اور شہر کی دوبارہ اس کی اصل حالت بحال کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں