8بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے ڈیزائننگ مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے مرکز چوک گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ 8بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے نیپاک نے ڈیزائننگ مکمل کر لی۔ حکومت پنجاب نے فنڈز جاری کر دیئے۔ فیصل آباد کے 8بازاروں کو وہیکل فری بنانے کے ساتھ ساتھ 8بازاروں میں موجود دکانوں کو ایک ہی طرز پر ڈیزائن کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بازاروں کی دل کشی اور خوبصورت انداز میں آراستہ وتزئین وآرائش کی جائے گی تاکہ 8بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والوں کو جاذب نظر اور پرکشش اور خوشگوار ماحول کا احساس ہو۔ جبکہ بازاروں میں بزرگ افراد’ بچوں اور خواتین کیلئے الیکٹرک رکشہ کی مفت سہولت فراہم کی جائے۔ یورپی ممالک کی طرح خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہوئے کھانے پینے کے سٹالز بھی قائم ہونگے۔ جبکہ بازار میں ریڑھی چھابڑی لگانے کی کوئی اجازت نہیں ہو گی اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کے 8بازاروں کو پارکنگ فری بنایا جائے گا۔ جبکہ موٹرسائیکل یا گاڑیوں پر آنے والوں کو گزرنے کی اجازت ہو گی لیکن وہ اپنی گاڑیاں پارک نہیں کر سکیں گے اور شہر کے 8بازاروں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے احکامات پر میونسپل کارپوریشن’ پی ایچ اے’ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر سرکاری محکموں’ ٹریفک پولیس کا عملہ بھی ہمہ وقت بازاروں میں موجود رہے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیپاک نے فیصل آباد کے 8بازاروں کی تزئین وآرائش’ خوبصورتی اور دلکش ڈیزائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا۔ فیسکو’ واسا سمیت دیگر محکموں کو انڈرگرائونڈ بجلی کی ترسیل’ فراہمی ونکاسی آب کی بحالی پر کام کا آغاز کر دیا گیااور حکومت پنجاب نے فیصل آباد کے 8بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ نیپاک کی زیرنگرانی جلد اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں