9

8بازاروں کے بیوٹیفکیشن پلان سے شہری خوش،پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرنگرانی بیوٹیفکیشن منصوبہ پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا۔ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ کچہری بازار کے بعد جھنگ بازار کی بیوٹیفکیشن کا نقشہ نیسپاک نے تیار کر لیا۔ 8بازاروں کی بیوٍٹیفکیشن پلان سے شہر کا حسن نکھر کر سامنے آئے گا۔ چوک گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ کچہری بازار کے بعد جھنگ بازار کی خوبصورتی اور تاریخی عمارتوں کی پرانی حالت میں بحالی سے فیصل آباد کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ 8بازاروں کی خوبصورتی اور ماڈل بازار بنانے پر شہری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس اقدام سے خوش ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں شہر کے مرکزی 8بازاروں کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو گا اور شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ کچہری بازار کے بعد جھنگ بازار کا نقشہ نیسپاک نے تیار کر لیا جس کو بھی کچہری بازار کی طرز پر بازار کے درمیان میں گرین بیلٹ کے ساتھ خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کے بیٹھنے کیلئے بینچز لگائے جائیں گے اور جھنگ بازار میں گرین بیلٹ کے ساتھ ساتھ گرین بیڈز تعمیر ہونگے اور گرین بیلٹ’ فوارے اور خوبصورت لائٹس لگائی جائیں گی۔ جھنگ بازار میں فٹ پاتھ پر ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی اور دکانوں پر ایک ہی طرز کے تشہیری بورڈ لگانے سے بازار کے حسن میں مزید اضافہ ہو گا۔ 8بازاروں کی بیوٹیفکیشن پلان سے شہری خوشی سے نہال اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدام کو بہترین قرار دے دیا۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ تاریخی پارکوں کی خوبصورتی کا مقصد شہریوں اور تاجروں کو بہترین منظم سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرتا ہے اور فیصل آباد کے تاریخی تشخص کو بھی برقرار رکھا جائے گا اور ترقیاتی کام مقررہ معیار اور شفافیت کیساتھ مکمل کئے جائیں گے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے جبکہ شادی سیزن کے موقع پر بازاروں میں ترقیاتی کام سے کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری نالاں نظر آتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں