5

8پولیس مقابلے،3منشیات فروش ہلاک،6زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد /جڑانوالہ /ٹھیکریوالہ (سٹاف رپورٹر /نامہ نگار) فیصل آباد میں منشیات فروشوں کی شامت’8مبینہ پولیس مقابلوں میں دو بھائیوں سمیت3منشیات فروش ہلاک جبکہ 6زخمی حالت میں گرفتار ۔ پولیس نے نعشوں کو مردہ خانہ اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا اور ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ڈی ہیڈ کوارٹر کے انچارج سید ارم شاہ اور مدینہ ڈویژن کے انچارج علی اکرام گورائیہ اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروش کی گرفتاری کیلئے بلوچ والا کے قریب چھاپہ مارا تو منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جبکہ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے، جن کی شناخت گلفام عرف گلو اور فرزان عرف فانی پسران منظور کے ناموں سے ہوئی، جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ مرنے والے ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب اور وہ دوہرے قتل میں اشتہاری بھی تھے جبکہ مدینہ ڈویژن کے باوا چک سیم کے قریب یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو آئس فروخت کرنے والا بدنام زمانہ منشیات فروش ریکارڈیافتہ ملک پور کا رہائشی عرفان عرف کدو مبینہ پولیس مقابلہ میں اپنے انجام کو پہنچ گیا، پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔ جبکہ آج صبح تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ انصاری پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں منشیات فروش بابر علی ولد شمس الحق سکنہ شاداب کالونی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا اس کے قبضہ سے 1400 گرام چرس اور پسٹل برآمد ہوا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ لاری اڈا دربار بابا نور شاہ ولی کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ میں منشیات فروش یوسف عدنان ولد اکرم سکنہ اسلام نگر مقابلہ کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پکڑا گیا، اس کے قبضہ سے 1100 گرام ہیروئن اور پسٹل برآمد ہوا۔ جبکہ گزشتہ روز تھانہ صدر کے علاقہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ میں بدنام منشیات فروش تاج ولد محمد اقبال سکنہ نعمت آباد ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ جبکہ تھانہ جڑانوالہ کے علاقہ بچیانہ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش بادشاہ ولد اسلم سکنہ رشید پارک جڑانوالہ گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 1کلو سے زائد ہیروئن اور پسٹل برآمد کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھی کی تلاش شروع کر دی۔ ٹھیکری والاپولیس ڈکیتی کے زیرحراست ملزم ارسلان عرف حاجی سکنہ سدھار کو برآمدگی کے بعد واپس لار رہی تھی کہ جب وہ منصور ملنگی روڈ پر پہنچے تو موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے زیرحراست ملزم ارسلان کو چھڑا کر فرار ہو گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پولیس کا منصور ملنگی روڈ پر آمنا سامنا ہو گیا۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ارسلان زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر کے اسکے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ بابا رنگ علی سرکار روڈ پر واقع 89 ج ب قبرستان کے قریب مبینہ مقابلہ میں بدنام منشیات فروش آصف گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی ظہیر موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی منشیات فروش کے قبضہ سے آئس اور پسٹل برآمد ہوا۔ زخمی ہونیوالے منشیات فروش ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں