84FDAکنال رقبہ پر ماڈل سنٹرل پارک بنائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام84کنال رقبہ پر ماڈل سنٹرل پارک قائم کیاجارہاہے جو جدید طرز تعمیر، ماحولیاتی تقاضوں اور جمالیاتی کے مطابق خوشنما جھیل، میاواکی فاریسٹ اور تفریح طبع کی متعدد سہولیات پر مشتمل ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ماڈل سنٹرل پارک ایف ڈی اے سٹی کے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اسکی تزئین و تعمیر میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر/ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ماڈل سنٹرل پارک کی تعمیروترقی، تزئین و آرائش کی جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے حوالے سے ہارٹیکلیچر کے جدید سائنسی طریقوں کو مدنظر رکھاجائے۔ انہوں نے جوگنگ ٹریک کی تعمیروترقی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ یہ پارک بچوں اور بڑوں کی سیروتفریح کیلئے یکساں کشش اور افادیت کا باعث ہوناچاہئے۔ انہوں نے مختلف اقسام کے مفید اور خوبصورت پودے لگا کر ان کی بہترین انداز میں دیکھ بھال اور نشوونما کرنے کی تاکید اور کہا کہ کیاریوں کو موسمی پھولوں سے بھر دیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارک میں بچوں کی کھیل کود کیلئے بین الاقوامی معیار کے دیدہ زیب جھولے ودیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے کہا کہ وہ ماڈل سنٹرل پارک کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کرکے روزانہ پراگریس رپورٹ سے آگاہ کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں پارکس اور گرین بیلٹس کا معائنہ بھی کیا اور ہدایات کی کہ سرسبز و شاداب ماحول برقرار رکھنے کیلئے درختوں و پودوں کی ذمہ داری سے حفاظت کرنے کے ساتھ ساتھ دستیاب جگہوں پر مذید شجرکاری کریں اس سلسلے میں موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر اور جامع لائحہ عمل تیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں