9روز گزر گئے ،اعلیٰ پولیس افسران کی تعیناتی نہ ہوسکی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کے دوسرے بڑے صنعتی شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باوجود اعلیٰ پولیس افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل نہ ہو سکا۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب نے تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں تین سگے بھائیوں کو قتل اور چوتھے کو زخمی کرنے کے واقعہ کی انکوئری کے بعد غفلت’ لاپرواہی اور کوارڈینیشن نہ ہونے پر آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر عابد خان اور سی پی او کامران عادل کو تبدیل کر دیا تھا۔ تاہم آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نئی تعیناتی ہونے تک آر پی او ڈاکٹر عابد خان کو چارج چھوڑنے سے منع کر دیا۔ تاہم سی پی او کامران عادل کے چارج چھوڑنے کے بعد ایس ایس پی انوسٹی گیشن عبدالوہاب کو سی پی او کا اضافی چارج دے دیا گیا اور 9روز گزرنے کے باوجود حکومت پنجاب کی طرف سے اعلیٰ پولیس افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل نہ ہو سکا اور ملک کے تیسرے شہر میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ جگہ جگہ وارداتوں اور قتل وغارت کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور تاریخ پیشی پر آنے والے ضلع کچہری کورٹس میں آنے والے زیرحراست بھی محفوظ نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر مختلف پولیس افسروں کی بطور سی پی او تعیناتی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پولیس افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں