9مئی مقدمات کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل منسوخ

راولپنڈی(بیوروچیف) 9مئی سے متعلق مقدمات کا اڈیالہ جیل ٹرائل پھر منسوخ ہوگیا جب کہ عدالت نے فرد جرم کی تاریخ مقرر کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو سانحہ 9مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شیخ رشید، سرکاری پراسیکیوٹرز اور وکلائے صفائی عدالت پہنچے جہاں پیش ہونے والے ملزمان میں کیسز کی نقول تقسیم کی گئیں۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی عدالتی روبکار پر حاضری لگائی گئی جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری معافی کی آنے والی تمام درخواستیں بھی منظور کر لی گئیں۔بعد ازاں عدالت نے 9مئی کے 3مقدمات میں 3مئی کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی اور باقی 10مقدمات کے چالان بھی آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی عدالت نے 13 مقدمات کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطلی بھارت کا گھمنڈ ہے، ہمارے 100 اندرونی معاملات ہوں گے مگر پاکستان کی سلامتی کے لیے پوری قوم ایک ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی قوم پاکستان کے لیے زندہ ہے، پاکستان کے لیے جان دیں گے، ملک کی سلامتی کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں