9ماہ کے دوران بجلی کمپنیوں کے نقصانات میں 41ارب اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے مالی نقصانات میں رواں مالی سال کے دوران خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق جولائی 2024سے مارچ 2025کے دوران ڈسکوز کے نقصانات41 ارب روپے بڑھ کر 143 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 102ارب روپے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ مالی نقصانات میں اضافہ ہوا ہے تاہم وصولیوں (ریکوری) میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ڈسکوز کی انڈر ریکوریز میں 184ارب روپے کی کمی ہوئی ہے جو گزشتہ سال 262ارب روپے سے گھٹ کر 78ارب روپے رہ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈسکوز کے یہ مالی نقصانات اور انڈر ریکوریز پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کا حصہ بن رہے ہیں جس سے ملک کی معاشی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ شہباز حکومت نے رواں مالی سال کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 7.12 روپے تک اضافہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں