فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کوصرف اقتدار عزیز ہے۔ آئین ، سیاسی جمہوری پارلیمانی عمل اور اقدار سے کوئی سروکار نہیں۔ اسمبلیاں توڑنے ،بچانے اور استعفے دینے کا ناٹک جاری ہے۔ پی ڈی ایم اورپی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرتے کرتے عوام کودیوالیہ کر دیا ہے۔ یوٹیلٹی بلز عوام کے لئے جان لیوا عذاب بن گئے ہیں۔ بجلی گیس پانی کے بل سفید پوش طبقہ کے لئے ڈیتھ وارنٹ بنے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک گیر سطح پر اچھے باصلاحیت لوگوں کو جمع کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی ، اخلاقی بحران کے خاتمہ کے لئے قومی قیادت سنجیدہ نہیں۔سیاسی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ عوام کے زخموں کوگہرا کر رہا ہے ۔ چھ ماہ مدت اقتدار گزارنے کے بعد بھی اتحادی حکومت کے وزیر اعظم اور اس کی ٹیم سوائے لفظی گولہ بارود کے اور کچھ نہیں کر سکتی۔
71