46

فرخ حبیب کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ‘ فیصل آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فیصل آباد کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہر آنے والے لمحے مضبوط تر ہو رہا ہے۔بے پرکی اڑانے والے اپنے مذموم عزائم میں ہمیشہ کی طرح ناکام ر ہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عبادت ہے، بدقسمتی سے کچھ عناصر نے سیاست کو بیوپار بنا لیا ہے۔قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ضمیروں کے سودے کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر غیر آئینی اقدام کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔ن لیگ انتشار کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے اور ہم عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ترقی کے سفر میں بلاتخصیص ہر شہر کو شامل کیا ہے۔کوئی علاقہ، قصبہ، شہر ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔اس موقع پر فرخ حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر اب سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا رہی ہے۔انہو ںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں