اسلام آباد (بیوروچیف)حکومت نے 31 جنوری تک پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں ہی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔31 جنوری تک پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی۔پٹرول کی قیمت 31 جنوری تک 214 روپے 80 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔اسی طرح 31 جنوری تک ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت 227.80 روپے، مٹی کا تیل 172.01 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) 169 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔دوسری جانب اوگرا نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے۔ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہونے کے علاوہ مزید 80 ہزار ایم ٹی پیٹرول اور 90 ہزار ایم ٹی ڈیزل والے جہاز لنگر انداز ہیں۔
37