جڑانوالہ(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ لائلپور ہیرٹیج فانڈیشن کے زیر اہتمام ضلع میں تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ و بحالی کے لئے ہمہ جہت منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ آئندہ نسل اس علاقے کی تاریخ و ثقافت اور طرز زندگی سے آشنا رہے۔انہوں نے تحصیل جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں یادگار عمارتوں پر جا کر ان کی تعمیراتی بحالی کے امور کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان،اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نعمان علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے مرزا صاحباں کے آخری آرام گاہ پر حاضری اورفاتحہ خوانی کی اور کہا کہ اس کی تزئین وبحالی کیلئے اقدامات شروع کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مرزا صاحباں کی وفادار گھوڑی کی یادگار بھی دیکھی اور اسے محفوظ کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے گنگاپورکا دورہ کرکے سرگنگارام حویلی کے مختلف حصے دیکھے اور کہا کہ تاریخی حویلی کی شناخت برقرار رکھنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے گنگاپور میں قائم قدیمی گھنٹہ گھر بھی دیکھا اور اس پر نصب بینرز وپوسٹرز کو فوری ہٹانے اور اس تاریخ ساز گھنٹہ گھر کو بحال کرنیکا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے انوکھی سواری گھوڑا ٹرین کو دوبارہ چلانے کے امور کا جائزہ لیا اور اس یادگار سروس کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور اور تجاوزات فوری ختم کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے گنگارام کے زیر استعمال باغات کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے باگے وال میں قائم جنگ آزادی کے ہیرو سردار بھگت سنگھ کی تاریخی حویلی کا دورہ کیا،حویلی کے مختلف حصے دیکھے اورحویلی کی تاریخی حیثیت بارے معلومات حاصل کیں۔انہوں نے حویلی کے منتظمین کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اورجنگ تحریک آزادی کے ہیرو سردار بھگت سنگھ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے حویلی میں بھگت سنگھ کی زندگی کے پہلوں وآزادی کی جنگ کی مختلف یادگار تصاویر دیکھیں اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ حویلی کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لئے مالک ثاقب ورک کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں قائم تاریخی عمارات و حصوں کی حقیقی وجاہت کو بحال اور محفوظ کرنے کے ضروری اقدامات میں تیزی لائی جائے گی۔
40