53

لیگی امیدواروں کو انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت

لاہور(بیوروچیف)نوازشریف کی ہدایت پر حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) نے انتخابات کے تیاریاں شروع کردی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ( ن) کے صدر اور وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ( ن) کے پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور امیدواروں کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے امیدواروں کو اپنے اپنے حلقوں میں انتخابات کی بھرپور تیاری اورانتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی۔لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )ٹکٹوں کا فیصلہ امیدواروں کی عوامی مقبولیت ، ساکھ اور کارکردگی کی بنیاد پر کریگی شہبازشریف نے لیگی امیدواروں کو مریم نوازکی قیادت میں ہونے والے جلسوں اور ریلیوں میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لیگی امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں بھی عوامی رابطہ مہم شروع کریں۔ لیگی امیدوار عوام کو مہنگائی اور معیشت کی بدحالی میں تحریک انصاف کی حکومت کے کردار اور دیگر حقائق سے آگاہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے عوام کو سبز باغ نہیں دکھائے حقیقت بتائی۔لیگی اجلاس کے اندرونی کے حوالے سے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کاکہنا تھا کہ انتخابات میں پوری تیاری اور ہوم ورک کے ساتھ جائیں گے۔مشکل وقت جلد ختم ہو جائے گا عوام کی تکالیف کا احساس ہے۔ن لیگ میں تقسیم اور تفریق کی باتیں کرنے والے جان لیں ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں کوئی ہمیں الگ نہیں کرسکتا ۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری وطن واپسی کا فیصلہ پارٹی کرے گی، فوری طور پر مریم نواز کو بھیج دیا ہے وہ پارٹی آرگنائز کریں گی اور دو صوبوں میں متوقع انتخابات کے لئے مہم چلائیں گی جبکہ پارٹی صدر شہباز شریف انکی رہنمائی کریں گے، حمزہ شہباز بھی جلد پاکستان پہنچیں گے۔نواز شریف نے کہا عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا اس کی سزا ن لیگ بلکہ پوری قوم بھگت رہی ہے، شہباز شریف ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا میں پرامید ہوں کہ مریم نواز پارٹی کو از سر نو منظم کریں گی جس کی بنیاد پر ن لیگ صوبوں میں ضمنی اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں