فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی پولیس نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کی بجائے مبینہ طور پر زیرحراست ملزمان کو پار کرنے کی حکمت عملی اختیار کر لی، وقوعہ کے دوران چھڑانے آئے ساتھیوں کی فائرنگ سے زیرحراست ملزمان ہلاک جبکہ پولیس پارٹی کو خراش تک نہیں آتی۔ پولیس کی جانب سے پکڑے جانیوالے ملزمان کے لواحقین بھی شدید پریشان ہو گئے اور مبینہ طور پر پولیس ملازمین کی طرف سے زیرحراست ملزمان کو مقابلہ میں پار کرنے کی دھمکیاں دیکر لوٹا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں آئے روز ڈکیتی’ راہزنی اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر ضلعی پولیس کے ہوش اڑ گئے، موثر گشت نہ ہونے کی وجہ سے نہتے شہری جگہ جگہ لٹنے لگے اور موٹرسائیکل سوار ڈاکو راہ چلتے مرد وخواتین سے جھپٹا مار کر بھی پرس’ فون’ بیگ چھین کر فرار ہو جاتے ہیں اور اتھرے ڈاکو لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر نہتے شہریوں پر گولیاں برسانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ضلعی پولیس نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کی بجائے پکڑے جانیوالے مبینہ ڈاکوئوں کو پار کرنے کی حکمت عملی اختیار کر لی جبکہ پولیس کی طرف سے روائتی انداز اختیار کرتے ہوئے زیرحراست ملزم کو ریکوری یا برآمدگی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں ملزم کو چھڑانے کیلئے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور گولیاں لگنے سے زیرحراست ملزم زخمی ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ پولیس پارٹی کے جوانوں کو خراش تک نہیں آتی اور بعض واقعات میں ساتھی فائرنگ کر کے زیرحراست ملزم کو چھڑا کر بھی لے جاتے ہیں جبکہ پولیس پارٹی کے تعاقب کرنے پر مبینہ مقابلہ کے دوران چھڑایا جانے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر مارا جاتا ہے جبکہ پولیس جوان معجزانہ طور پر محفوظ رہتے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے اور دوسری طرف زیرحراست ملزمان کے لواحقین میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے کہ کہیں ان کے پیاروں کو پار نہ کر دیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
44