43

زائرین کو مسجد الحرام میں ایک اور منفرد سہولت میسر

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) رمضان المبارک کے دوران کھانوں کی جانچ کے لیے مسجدالحرام میں فوڈ لیبارٹریز نے کام کا آغاز کردیا، یہ اقدام ماہِ صیام میں زائرین کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا۔ مکہ مکرمہ میں میونسپلٹی ایجنسی کی موبائل فوڈ لیبارٹریوں نے مسجدالحرام کے صحنوں کے قریب کام شروع کردیا،اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین اورنمازیوں کو سحری اور افطاری میں فراہم کیے جانے والے کھانے کے اعلی معیار کو یقینی بنانا ہے۔اسی طرح مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات سے رمضان کے دوران مسجد الحرام تک آمدورفت کیلئے شٹل بس سروس کے 17 روٹس مقرر کیے گئے ہیں،اس حوالے سے سعودی عرب کے ضیوف الرحمان خدمت پروگرام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں،اس کومدنظر رکھتے ہوئے عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے شٹل بس سروس کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے چلتی ہے تاکہ دیگرشہروں سے آنے والے زائرین کوحرم شریف آمد ورفت میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔اس سلسلے میں ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بس سروس کا کرایہ انتہائی مناسب رکھا گیا ہے،کرایہ ادا کرنے کے لیے سپین سسٹم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے،بس کے کرایے کو دو بنیادی روٹس میں تقسیم کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بیرون مکہ سے آنے والے جو شہرکے باہر والی چیک پوسٹ پراپنی گاڑی پارک کرکے آتے ہیں،ان کے لیے بس کا کرایہ 16 ریال جب کہ مکہ مکرمہ کے اندر پارکنگ ایریا سے آنے والوں کے لیے 7 ریال مقررکیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں