لاہور’ اسلام آباد ‘ علی پور چٹھہ’ فیصل آباد ‘ ڈجکوٹ(نمائندگان’ وقائع نگار خصوصی) اندرون بھاٹی گیٹ کے ایک گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے10افراد جاں بحق ہو گئے۔ لاہور کے علاقہ بھاٹی گیٹ میں ایک گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے، آگ نور محلہ میں واقع ایک مرلہ کے مکان میں بھڑکی، آگ نے مکان کی تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیا جس کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد گھر میں پھنس گئے، گھر میں موجود تمام افراد نے خود کو مکان کے پچھلے کمرے میں بند کر لیا تھا۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ گھر میں ظہرالدین بابر کی فیملی رہائش پذیر تھی، جھلس کر مرنے والوں میں ظہرالدین کا ایک بیٹا، ایک بیٹی، بہو، پوتے پوتیاں شامل ہیں، مرنے والوں میں 6 بچے، دو خواتین، ایک مرد شامل ہیں جن میں 60 سالہ سائرہ بانو زوجہ ظہر الدین، فرانہ اس کی بیٹی، 13 سالہ سیماب، ثانیہ 18 سال اور اس کا بیٹا 13 سالہ مونو، 16 سالہ عادل، 4 سالل انزل فاطمہ ولد وارث علی، شامل ہیں۔ریسکیو کی جانب سے جاں بحق افراد کی لاشوں کو مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا جب کہ ریسکیو آپریشن بھی مکمل کر لیا گیا ہے’علاوہ ازیں اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فورمیں باپ بیٹا گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق15سال کا عبدالرحمان گٹر میں گرا تو باپ بیٹے کو بچانے کے لیے کودگیا لیکن اپنی بھی جان گنوا بیٹھا۔پولیس کا بتانا ہے کہ گٹر میں دم گھٹنے سے باپ اور بیٹا دونوں جاں بحق ہوگئے جب کہ دونوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت کے علاقے گولڑہ موڑ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ریسکیو حکام کے مطابق گولڑہ موڑ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار بس نے تین موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد، ایک عورت اور ایک بچہ شامل ہیں جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے’ دریں اثناء شہر وزیرآباد کی تحصیل علی پورچٹھہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جامکے چٹھہ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹرک کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ایمن آباد گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں جن کی شناخت محمد اصغر اور نسرین کے نام سے ہوئی جبکہ حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ان کی بیٹی 18 سالہ رمشا معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق رمشا نے بتایا کہ حادثہ ان کے والد اصغر کو چکر آنے پر پیش آیا اور ورثا کا کہنا تھا کہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے جس کے بعد نعشوں کو ورثا کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء معمولی گھریلو جھگڑے پر کھرڑیانوالہ کے علاقہ چھوٹا رسول پورہ میں نوجوان نے گولیاں مار کر اپنے دو بڑے بھائیوں کو موت کی نیند سلا دیا جبکہ گولی لگنے سے ملزم کی دادی بھی زخمی ہو گئی۔ ا طلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل جبکہ ڈجکوٹ کے نواحی گائوں میں دکاندار کو سوتے میں بیدردی سے قتل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کھرڑیانوالہ کے علاقہ چھوٹا رسول پورہ میں ملزم علی حیدر کا اپنے بھائیوں کے ساتھ جھگڑا ہوا جس پر اس نے فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے ملزم کے دو بڑے بھائی سہیل اور رستم موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی دادی محمد بی بی زخمی ہو گئی جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ علاوہ ازیں تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 265 رب میں ذیشان کو نامعلوم ملزمان نے کلہاڑی کے وار سے قتل کیا اور فرار ہو گئے’ مقتول کے والد انور حسین گل نے پولیس کو بتایا کہ مقتول ذیشان قتل کی سزا کاٹ کر آیا تھا اور گائوں میں کریانہ کی دکان بنا رکھی تھی جبکہ مقتول کا اکثر اپنے بڑے بھائی عمران گل سے جھگڑا ہوتا تھا ، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دی ہے۔
44