55

فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے میٹرک نتائج کا اعلان ‘ 81 فیصد طلبہ پاس

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ سالانہ (اول) 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ وپروقار تقریب ڈویژنل کمشنروچیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن’ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی’پی آراو بورڈ رضوان احمد جوئیہ’ پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد’ آفتاب احمداور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ سالانہ (اول) 2023 میں کل 156212طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے127715پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب81.76 فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلبا وطالبات کیلئے ان کے گھروں کے نزدیک 553 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تاکہ امیدواران کو امتحانی مراکز پہنچنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ امتحان میٹرک (سیکنڈ) سالانہ 2023 کا آغاز انشا اللہ15ستمبر 2023 سے ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم یکم اگست تا 12 اگست’ دوگنا فیس کے ساتھ 13 اگست تا 16 اگست اور تین گنا فیس کے ساتھ 17 اگست تا 19 اگست 2023 تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کروائے جا سکیں گے ۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے کہا کہ طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی میسر ہے ایسے بچے جنہیں اپنے مارکس کے متعلق بے یقینی ہو وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا وطالبات کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر اس بار تھیوری اور عملی امتحانات کے مارکس کا ایگریگیٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے قبل ازیں تھیوری اور عملی امتحانات دونوں میں الگ الگ پاس ہونا ضروری تھا جو بچے تھیوری میں پاس اور پریکٹیکل میں فیل ہوتے تھے یا پریکٹیکل میں پاس اور تھیوری میں فیل ہو جایا کرتے تھے انہیں دوبارہ تھیوری اور پریکٹیکل کا امتحان دینا پڑتا تھا مگر اب حکومت پنجاب محکمہ ہایئر ایجوکیشن لاہور اور چیئرپرسن پی بی سی سی کے فیصلہ کے مطابق تھیوری اور پریکٹیکل میں 33% ایگریگیٹ مارکس لینے والے طلبا وطالبات کو پاس کیا گیا ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پریکٹیکلز والے مضامین میں غیرحاضر رہنے والے طلبا وطالبات کو صرف غیرحاضری والا یا فیل ہونے والے مضمون کا پیپر دوبارہ دینا ہو گا۔ ایگریگیٹ مارکس کا فائدہ صرف انہی طلبا وطالبات کو ہو گا جو تھیوری اور عملی امتحان (دونوں )میں شریک ہوئے ہوں گے۔حکومت پنجاب کے اس فیصلہ سے ہزاروں طلبا وطالبات کو فائدہ ہوا ہے اور انشا اللہ مستقبل میں بھی وہ اس سہولت سے مستفید ہوں گے اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹرحبیب الرحمن نے کہا کہ پی بی سی سی نے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج کے حوالہ سے بہترین پالیسی ترتیب دی تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہو انہوں نے کہا کہ آج کے نونہال کل کے معمار وطن ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق طلبا وطالبات کے وسیع تر مفاد اور ان کے شاندار مستقبل کے پیش نظر نتائج انتہائی احتیاط’ محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ غلطیوں سے مبرا تیار کئے گئے ہیں تاکہ کسی بچے کی حق تلفی نہ ہو اور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے۔پی آر او بورڈ رضوان احمد جوئیہ کے مطابق اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 یا تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pkملاحظہ کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں