لاہور (بیوروچیف) یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر چینی کا بحران پیدا ہوگیا، ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز سے چینی غائب ہو گئی، چند ہی دنوں میں چینی کا تمام اسٹاک ختم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے انتہائی مہنگی چینی خریدنے کیلئے اربوں روپے اضافی ادا کرنے والی عوام کو سستی چینی کی امید دلا کر اب دوبارہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ماہ بعد یوٹیلٹی اسٹور پر چینی کی دستیابی محض چند دنوں تک محدود رہی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر چینی کا بحران پیدا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا اسٹاک تقریبا ختم ہوگیا ہے اور نئی خریداری تاحال نہیں ہو سکی۔ ذرائع نے بتایا کہ شہری یوٹیلیٹی اسٹورزپر سبسڈی والی سستی چینی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ فوری خریداری نہ ہونے کی وجہ سے چینی کا بحران طویل بھی ہو سکتا ہے۔چینی کے بحران کی وجہ بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ خریداری میں مشکلات کے باعث چینی کی قلت ہوئی، یوٹیلیٹی اسٹورز نے مہنگی بولی کے باعث حال ہی میں2 ٹینڈرز منسوخ کیے اور کچھ ٹینڈرز میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بولیاں ہی موصول نہیں ہوئیں۔ ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز نے دعوی کیاکہ چینی کی خریداری کیلئے کوششیں جاری ہیں، آئندہ ہفتے 40 ہزار ٹن چینی کا اوپن ٹینڈر کھولا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر حالیہ دنوں میں تقریبا ایک ماہ چینی کی دستیابی رہی، اس سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر کئی ماہ چینی کا بحران رہا تھا جس کے باعث ملک بھر میں چینی کی قیمت بھی بڑھ گئی تھی۔ اب یوٹیلٹی اسٹورز کے پاس چینی کا اسٹاک ختم ہوجانے کے بعد عوام کو دوبارہ اوپن مارکیٹ سے مہنگی چینی خریدنا ہو گی۔ شہری اوپن مارکیٹ سے اوسط 180 روپے فی کلو کے حساب سے چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
30