ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر محمد نعیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ زراعت ، محکمہ انہار، محکمہ لائیو سٹاک، فیسکو،محکمہ واٹرمینجمنٹ ، انفارمیشن، سیڈ کارپوریشن ، کھاد کمپنیوں کے نمائندگان سمیت کسانوں اور کاشتکاروں کے نمائندے شریک تھے۔اجلاس میں کسانوں کی فلاح و بہبود اور متعلقہ اقدامات بارے جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں گندم کی کاشت کے رقبہ اور پروڈکشن بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا کہ حکومت کی زرعی پالیسیوں کے ثمرات عام کسانوں تک پہنچانے اور محکمانہ سروسز کا معیار مزید بہتر بنایا جائے۔حکومت زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کے ساتھ بہترین روابط کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ کسان جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ اور فی ایکڑ پیداوار میں بھرپور اضافہ حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا کہ کسانوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے فوائد پر آگاہی پروگرام اور ٹریننگ کا انعقاد بھی کروایا جائے۔ پانی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ کھادوں کی حکومتی ریٹس پر فراہمی کو یقینی بنائیں کسی قسم کی شکایت وصول ہونے پر متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔
26