53

1ماہ میں 261 واسا نا دہندگان کے کنکشن منقطع ، 56 لاکھ کی ریکوری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے ایک ماہ کے دوران شہر بھر میں مجموعی طور پر 261نادہندگان کے کنکشن منقطع کردئیے جبکہ 56 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ۔ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے افسران و سٹاف کی جانب سے نادہندگان کے خلاف جامع مہم جاری رکھی گئی جس کے نتیجے میں ماہ اکتوبر کے دوران ڈس کنکشن ٹیموں کی جانب سے شہر کے دونوں زونز میں نادہندہ صارفین کے خلاف کارروائیاں کی گئی جن میں ایسٹ زون میں ڈائریکٹر ریونیو جاوید غنی کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال قادری نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرزا اویس اور محسن مسیح و دیگر سٹاف کے ہمراہ 123 ڈیفالٹرز صارفین کے کنکشن کاٹ دئیے جبکہ36 لاکھ روپے سے زائد ریکوری کی اسی طرح ویسٹ زون کے ڈائریکٹر محمد اقبال ملک کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر و دیگر ٹیموں کی جانب سے نادہندہ صارفین کے 138کنکشن منقطع کئے گئے جبکہ 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔ایم ڈی واسا نے ڈس کنکشن ٹیموں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور واضح کیا کہ نادہندہ صارفین کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے لئے ٹیموں کے دائرہ کار میں توسیع کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین اپنے ماہانہ بلز اور واجبات کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائیں کیونکہ بلز کی ادائیگی سے ہی واسا کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں