لاہور(بیوروچیف)جاتی امرا میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف کا مفاہمتی بیانیہ چھایا رہا۔ اس اجلاس میں اینٹی اسٹیبلشمنٹ گفتگو نہ ہونے کے برابر ہوئی حتی کہ نواز شریف نے بھی مفاہمت، رواداری اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی۔ سب سے پہلے شہباز شریف کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا گیا اسی طرح تمام شرکا کو ایک مفاہمتی لائن مل گئی ان کے بعد خواجہ آصف نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا۔ تقریبا تمام شرکا نے مینارپاکستان میں ہونے والے جلسے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ نواز شریف کی وہاں ہونے والی تقریر ہی ہمارا بیانیہ ہو گا ۔ نواز شریف نے ایک بار پھر کہا کہ ہم کسی سے انتقام لینے کا ارادہ نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں حکومت کرنے کا موقع ملا تو ہم انصاف کے نظام کو بہتر بنائیں گے ہم ایسی عدالتیں چاہتے ہیں جو کسی کے کہنے پر کسی کو سزا وار یا قصور وار نہ ٹھہرائیں عدل کا نظام بہتر ہو گا تو کوئی غیر آئینی غیرقانونی بات نہیں ہو گی۔
45