27

صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائیگا ، ملک تحسین اعوان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین فیسکو واپڈا ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ صارفین کی فلاح و بہود اور انکی مسائل کے جلد ازالہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگے۔صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ نہ کرنے والے افسران وملازمین کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔یہ باتیں انہوں نے بنڈالہ سب ڈویژن کے اچانک دورہ کے موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ایکسئین چک جھمرہ ڈویژن ملک نعیم جاوید اور ایس ڈی او بنڈالہ سب ڈ ویژن میاں اکمل بھی موجود تھے ۔ چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان نے علاقہ کے صارفین کی شکایات پر گلی محلوں سے ٹرالی ٹرانسفارمر زفوری ہٹانے اور ان کی جگہ مطلوبہ استعداد کے ٹرانسفارمرز نصب کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ صارفین کی شکایات کا ازالہ ہواور ٹرالی ٹرانسفارمرزنصب ہونے کی وجہ سے راہگیروں اور ٹریفک کو گزرنے میں رکاوٹ پیش نہ آئے۔چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان نے بجلی چوری کے خلاف جاری قومی مہم میں بلاامتیاز کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی چور معاشرے کا ناسور ہیں ان کا جڑ سے خاتمہ نہایت ضروری ہے تاکہ ملک میں سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہواور صنعت و تجارت کا پہیہ زیادہ تیزی کے ساتھ چلے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیسکو کے ڈیفالٹرز سے بھی ریکوری کو تیزکیاجائے اور عدم ادائیگی پر ان کے کنکشنز فوری منقطع کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی شکایات کا اندراج روزانہ کی بنیاد پر درست کوائف کے ساتھ کیاجائے اور ان کی بجلی خرابی سے متعلقہ شکایات کو فوری اٹینڈ کرکے ان سے فون پر فیڈبیک لیاجائے ۔اس موقع پر انہوں نے کمپلینٹ سنٹر کا دورہ بھی کیا اورشکایات رجسٹر اور سب ڈویژن کے دیگر دفتری امور اور سیکشنز کا جائزہ لیا۔انہوں نے سٹاف کو کام کے دوران مکمل ٹی اینڈ پی اور سیفٹی قواعد و ضوابط پرعمل پیرا ہونیکی ہدایت کی ۔دریں اثناء ایکسئین چک جھمرہ ملک نعیم جاوید نے چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کو سٹاف کی کارکردگی،روزانہ درج ہونے والی شکایات کی نوعیت اور ان کے حل کے طریقہ کارکے بارے میں بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں