فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) اتحاد امت کے لیے کام کرنا علماء و مشائخ کی اولین ذمہ داری ہے ۔امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل اتحاد امت میں مضمر ہے۔ اتحاد امت ہر دور میں امت محمدی کیلئے بنیادی ضرورت رہا ہے۔ ہم اپنے اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔بغض و عناد اور فرقہ ورایت کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ہمیں اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر اتفاق و اتحاد کو اپنا ایجنڈا بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہا ر کنوینیر تنظیمات اہلسنت پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے ” اتحاد امت علماء کنونشن ” سے یوسف ٹائو ن میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسلام اجتماعی سطح پر مشاورت کا درس اور پر امن بقائے عمل باہمی پر زور دیتاہے۔اتحاد امت کا انعقاد بروقت اور برمحل ہے آج مسلم ممالک کی صفوں میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔اتحاد امت کے لئے سب کو قربانی دینا ہوگی، حضور اکرم ۖ کی حیات طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے.مسلمانوں کا عروج و ترقی اتحاد امت سے ہی ممکن ہے۔ مسلم حکمران اور امت کے آپس کے اختلافات ہمارے زوال کا باعث ہیں۔ تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام اور ملکی معاژی مشکلات کے جلد حل کیلئے دعا کی گئی۔اس موقع پر مولانا محمد تنویر طاہر قادری ، مولانا رشید احمدرضوی ،مولانا محمد زبیر رضوی ودیگر نے خطاب کیا۔
24