ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈی پی او سید کرار حسین کی زیر صدارت سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیر تیار کئے گئے موٹر سائیکل رکشا کے حوالہ سے اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشا تیار کرنے والی ورکشاپس اورڈیلرز کیخلاف کریک ڈان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد جواد سردار، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پی ٹریفک، سول ڈیفنس آفیسر، سیکرٹری آر ٹی اے، انفارمیشن آفیسر، رکشہ ڈیلرز و مکینک نے شرکت کی۔سیکرٹری آر ٹی اے محسن ریاض نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے سے بتایا کہ اب تک سات کمپنیوں کو موٹرسائیکل رکشہ تیار کرنے کے لائسنس دیئے گئے ہیں، جبکہ سات کمپنیوں کی 17 پروڈکٹس میں سے 10 رجسٹرڈ ہیں۔ زیادہ تر موٹرسائیکل رکشا سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیرمقامی ورکشاپس میں تیار کئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشا تیار کرنے والی ورکشاپس اور ڈیلرز کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکلوں کو رکشا میں تبدیل کرنا غیر قانونی ہے۔موٹر سائیکلوں کی رجسٹرڈ پروڈکٹس ہی فروخت کی جاسکتی ہیں۔غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی فروخت میں ملوث ڈیلرڈ کے خلاف بھی کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیر تیار کئے گئے موٹر سائیکل رکشا ماحولیاتی آلودگی اور حادثات کا سبب بنتے ہیں۔یکم دسمبر سے کسی غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشا کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔صرف فٹنس کے معیار پر پور اترنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
57