اسلام آباد(بیوروچیف)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو ایون فیلڈ کیس میں بری کردیا۔جب کہ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل بھی واپس لے لی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن نے سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد ن لیگ کے قائد نواز شریف کو ایون فیلڈ کیس میں بری کردیا۔عدالت نے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔دوسری جانب نیب نے نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیل بھی واپس لے لی۔جس پر عدالت نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرلی۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام معاملات اللہ تعالیٰ کی ذات پر چھوڑے ہوئے تھے اللہ نے سرخرو کیا ۔ اسلام آبادہائیکورٹ سے بریت کے فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر خوش ہیں اللہ تعالیٰ نے بڑا فضل و کرم کیا ہے ۔ سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میں نے معاملات اللہ پر چھوڑے تھے۔باقی معاملات کو بھی اللہ پر چھوڑا ہے ۔ صحافی نے سوال کیا کہ بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے چییئرمین بن گئے اس پر آپ کیا کہیں گے جس پر جواب دیتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ بس یہی قدرت کا نظام ہے۔
31