فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو نئی صنعتی پالیسی کیلئے قابل عمل تجاویز دینے کے علاوہ ایشین پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن اور نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن کے ماہرین یا مطالعاتی مشنز کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے فوری درخواستیں دینی چاہئیں جبکہ این پی او پیداواریت کو بڑھانے کیلئے اقدامات بارے میں ضروری مواد مہیا کرے گی تاکہ ان کو چیمبر کے ممبروں تک پہنچایا جا سکے۔ یہ بات این پی او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی اور ایف سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کنونیئر انجینئر احمد حسن بھی موجود تھے۔ انہوں نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ تھائی لینڈ نے پھلوں اور سبزیوں کو خشک کرنے کے شعبہ میں بہت ترقی کی ہے ۔ وہاں آلو اور سٹرابری کے چپس بنانے کی بہت سی فیکٹریاں ہیں حالانکہ سٹرابری وہاں پیدا ہی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ این پی او اس سلسلہ میں تھائی ماہرین کے ذریعے صوبائی سطح پر ورکشاپس منعقد کرا رہی ہے جبکہ فیصل آباد میں بھی ایسی ورکشاپ منعقد کرائی جا سکتی ہے۔
