52

”مال مفت دل بے رحم ” 1سال میں 10ارب کی مفت بجلی استعمال

اسلام آباد (بیوروچیف)”مال مفت دل بے رحم ”بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اور واپڈا کے ملازمین مالی سال2022-23 میں 10ارب روپے کی مفت بجلی ڈکار گئے ،مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے 22 اور ریٹائر ہونے والے افسران بھی شامل ہیں ۔ سال 2022-23 کے دوران مفت بجلی استعمال کرنے والوں کی تفصیلات سامنے آگئیں ۔دستاویزات کے مطابق ایک سال میں بجلی کمپنیوں کی طرف سے ملازمین کو 10ارب روپے سے زائد کی مفت بجلی دی گئی،جنکوز،ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی ملازمین نے بجلی کے35کروڑ56لاکھ سے زائد مفت یونٹ استعمال کیے، ایک سال میں مفت استعمال کیے گئے یونٹس کی مجموعی قیمت 10ارب48کروڑ18لاکھ روپے ہے۔مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے 22تک کے ملازمین شامل ہیں،دستاویز کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ89ہزار 985ملازمین مفت بجلی استعمال کر رہے ہیں۔بجلی کے مفت یونٹس استعمال کر نے والوں میں ریٹائرڈ ملازمین بھی شامل ہیں ۔دستاویز کے مطابق لیسکو کے 34488ملازمین نے2ارب 8کروڑ27لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔گیپکو کے 20ہزار 834ملازمین کو1ارب1کروڑ35لاکھ روپے کی مفت بجلی دی گئی۔فیسکو کے 28ہزار873ملازمین نے ایک ارب 43کروڑ90لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔آئیسکو کے21ہزار97ملازمین نے ایک ارب 12کروڑ36لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔میپکو کے 26181ملازمین کو ایک ارب 41کروڑ85لاکھ روپے کی مفت بجلی دی گئی۔پیسکو کے 32ہزار 171ملازمین نے ایک ارب64 کروڑ72لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔ایک سال میں حیسکو کے 9720ملازمین نے 93کروڑ55لاکھ88ہزار روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔سیپکو کے 7872ملازمین کو ایک سال میں 50کروڑ58لاکھ روپے کی مفت بجلی دی گئی۔کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 5744ملازمین نے 31کروڑ60لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔ایک سال میں ٹیسکو کے پانچ ملازمین نے 47ہزار89روپے کی مفت بجلی استعمال کی۔دستاویز کے مطابق جینکوز کے گریڈ ایک سے چار تک کے ملازم کو300یونٹ ماہانہ مفت مل رہے ہیں۔جینکوز کے گریڈ5سے16 تک کے ملازمین کو ماہانہ600یونٹ مفت مل رہے ہیں۔جینکوز کے گریڈ17کے ملازم کو 650اور گریڈ 18 کے ملازم کو 700یونٹ مفت مل رہے ہیں۔جینکوز کے گریڈ 19کے ملازم کوایک ہزار اور گریڈ 20کے ملازم گیارہ سو یونٹ ماہانہ مفت لے رہے ہیں۔جینکوز کے گریڈ 21اور22کے ملازمین کو 13سو یونٹس ماہانہ مفت بجلی مل رہی ہے۔جینکوز کے ریٹائرڈ ملازمین اپنے گریڈ کے حاضر سروس ملازم سے نصف مفت یونٹ استعمال کرتے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے گریڈ ایک سے چار کے ملازمین 100یونٹ ماہانہ مفت استعمال کرتے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے گریڈ5سے15تک کے ملازمین 200ماہانہ یونٹس مفت بجلی استعمال کر تے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے گریڈ16کے ملازمین300اور گریڈ17کے 450یونٹ مفت استعمال کرتے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے گریڈ18کے ملازمین 800اور گریڈ19کے 880یونٹ مفت استعمال کرتے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے گریڈ20کے ملازم 11سو،گریڈ21اور22کے ملازم13سو یونٹ ماہانہ مفت استعمال کرتے ہیں۔ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے ریٹائرڈملازمین اپنے ہی گریڈ کے حاضر سروس ملازمین کا نصف یونٹ مفت استعمال کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں