76

حکومت سازی کیلئے اہم پیش رفت (اداریہ)

پاکستان مسلم لیگ (ن)’ پیپلزپارٹی’ ایم کیو ایم’ (ق) لیگ’ استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر سیاسی قائدین اکٹھے ہوئے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا، اجلاس میں پیپلزپارٹی کی طرف سے آصف علی زرداری’ ایم کیو ایم کی طرف سے خالد مقبول صدیقی’ گورنر سندھ کامران ٹیسوری’ مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق بشیر چیمہ’ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی’ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان اور دیگر سیاسی قائدین نے شرکت کی، اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر بات چیت کی گئی، اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزارت عظمیٰ کے لیے اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اکثریت ثابت کر کے شوق سے حکومت بنائیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے، اب معاملہ حکومت برائے حکومت کا نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستان کو بچانے کا معاملہ ہے، ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد قوم کو بتانا ہے کہ سیاسی مخالفت کا مرحلہ ختم ہو چکا، ہماری جنگ اب ملک کے چیلنجز کو حل کرنے کیلئے ہے، اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی کا اعلان خوش آئند ہے اور میاں محمد شہباز شریف نے ملک کے چیلنجز کو حل کرنے کیلئے جس عزم کا اظہار کیا ہے، اﷲ تعالیٰ انہیں اس مقصد میں کامیابی عطاء فرمائے، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان کا پہلا چیلنج معیشت ہے جسے ہم کو پائوں پر کھڑا کرنا ہے، حکومت بننے کے بعد آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑے گا، دن رات کام کر کے وسائل پیدا کرنا ہونگے جس سے نہ صرف عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے منفی اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ معاشی بدحالی کو خوشحالی میں بدلا جا سکے گا، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر سیاسی جماعتوں کا اکٹھ احسن اقدام ہے کیونکہ قیادت جب اکٹھی ہو اور اختلافات بھلا دے تو پھر قومیں ترقی کرتی ہیں، امید ہے کہ پاکستان کے حالات اب بہتری کی طرف جائیں گے، غریب کے حالات بہت خراب ہیں مہنگائی بہت زیادہ ہے اور سیاسی قائدین نے ملک اور عوام کی خاطر جو فیصلے کئے ہیں وہ قابل قدر ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کیلئے محمد شہباز شریف کی نامزدگی کی توثیق کر دی ہے اور پاکستان کے عوام وسیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات اور عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے کی جانیوالی باتیں قوم کے لیے اطمینان کا باعث بنیں گی، اﷲ کرے جو نئی حکومت بنے وہ ملک وقوم کو تمام سیاسی ومعاشی بحرانوں سے نکالنے میں کامیابی حاصل کرے، اس وقت مل جل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے، جسے ان حالات سے نکالنا سیاسی قائدین کا فرض ہے، الیکشن 2024ء کے موقع پر کچھ شاندار روایات بھی فروغ پائی ہیں، بعض سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے عام انتخابات میں اپنی پارٹی کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے استعفے دیدیئے اور شکست کھانے والے بعض امیدوار اپنی ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے اپنے مدمقابل کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے، ایسی روایات کو فروغ دینا چاہیے اور یہ ملک میں سیاسی ماحول کو قومی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے اہم پیش رفت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں