55

صنعتی و کمرشل صارفین واسا کے بل اور واجبات فوری ادا کریں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ واٹر سپلائی اور سیوریج کے ماہانہ بلز کی وصولی کیلئے کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جبکہ نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کرنے کیلئے ریونیو ٹیمیں فیلڈ میں اپنی کارروائیاں مکمل کررہی ہیں۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ واسا کے تمام صارفین بالخصوص صنعتی صارفین کو واٹر سپلائی اور سیوریج کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور صنعتوں کے چلنے سے ہی ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام صارفین بالخصوص صنعتی صارفین کے لئے واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی بروقت ادائیگی وقت کا اہم تقاضا ہے کیونکہ بلز کی وصولی کے بعد ہی واسا اپنی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنا سکے گا۔ انہوں نے واضح کیاکہ واسا کی ریونیو فیلڈ ٹیموں کی جانب سے نادہندہ صارفین کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کنکشن منقطع کئے جارہے ہیں جبکہ اس عمل سے بچنے کے لئے تمام نادہندہ صارفین اپنے ذمہ واجب الادا واجبات کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائیں۔ ایم ڈی واسا سے ملاقات کے دوران آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ماہانہ بلز کی بروقت اور تسلسل کے ساتھ ادائیگی کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ جاوید غنی اور ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ محمد اقبال ملک و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں