75

کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر تحقیقات(اداریہ)

عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے جو باتیں کیں اس پر ملک بھر میں مختلف حلقے اپنے اپنے انداز میں تبصرے کر رہے ہیں، ان الزامات میں کتنی صداقت ہے، اس کا فیصلہ تو چھان بین کے ذریعے ہی ہو گا، لیاقت چٹھہ کا کہنا ہے کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں 13 ہارے ہوئے امیدواروں کو بھاری لیڈ سے جتوایا، میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، انہوں نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا الزام الیکشن کمیشن آف پاکستان’ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس آف پاکستان پر بھی عائد کیا، چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے لیاقت چٹھہ کے الزامات کے حوالہ سے میڈیا کے سوالات پر بجاطور پر کہا ہے کہ الزامات تو کوئی کچھ بھی لگا سکتا ہے، الزام لگانا آپ کا حق ہے تو ثبوت بھی دیں، عام انتخابات الیکشن کمیشن نے کرائے، ہم نے تو الیکشن روکنے کی کوششیں ناکام بنائی، دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سب نے ان الزامات کی فوری تحقیقات اور حقائق قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلے میں قانونی کارروائی مکمل کر کے اس کی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور عوام کو حقیقت سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں