59

ضلعی پولیس پتنگ بازی روکنے میں بری طرح ناکام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی پولیس شہر بھر میں پتنگ بازی پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی، گزشتہ روز بھی سمندری روڈ پر گلے پر ڈور پھیرنے سے موٹرسائیکل سوار زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا، سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیل کے مطابق علامہ اقبال کالونی کا رہائشی حسام احمد سمندری روڈ پر جا رہا تھا کہ کٹی پتنگ کی ڈور پھیرنے پر بری طرح زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ یاد رہے کہ ضلعی پولیس کی طرف سے پتنگ بازوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کے باوجود گزشتہ روز فیصل آباد میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا اور آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گیا، ضلعی پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی اور نوجوانوں کے گلے پر ڈور پھیرنے کے واقعہ کے بعد متحرک ہو گئی اور متعدد مقامات پر چھاپے مار کر پتنگ بازی کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔ سی پی او نے تمام ایس پیز’ ڈی ایس پیز’ ایس ایچ اوز کو کہا ہے کہ وہ پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون کریں اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے باز رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں