فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈاکوئوں کا مسلح گروہ دو شہریوں کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر سوا کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار جبکہ گلفشاں کالونی میں ڈاکو ڈلیوری بوائے سے پیزا چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ بولیدی جھگی کے رہائشی شمس علی نے بتایا کہ چار مسلح ڈاکو ان کے گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کر کے 35تولے طلائی زیورات’ ڈائمنڈ کی رنگ ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی’ قیمتی سامان اور جاتے ہوئے موٹرسائیکل بھی لے گئے جبکہ دوسری واردات تاج کالونی میں ہوئی جہاں پر چار مسلح ڈاکوئوں نے شہری زین علی کے اہل خانہ کی مشکیں باندھ کر کمرہ میں بند کر دیا، گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 25تولے طلائی زیورات’ ساڑھے چار لاکھ روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں جھنگ بازار کے علاقہ لطیف پارک کا رہائشی ڈلیوری بوائے طاہر پیزا لیکر جا رہا تھا کہ گلفشاں کالونی کے قریب ڈاکو پیزا’ نقدی اور فون چھین کر لے گئے’ پولیس ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔
