84

فاطمة الزہرہ کی حیات طیبہ تمام عورتوں کیلئے مشعل راہ ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حضرت فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حیات طیبہ تمام عورتوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نبی پاک ۖ کے اسوہ حسنہ کی مکمل تصویر تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی مبارک زندگی کے جس پہلو کو بھی دیکھا جائے وہ عورتوں کیلئے تابندہ و حسین ہے۔آج کی خواتین آپ رضی اللہ تعالی عنہا کے نقش قدم پر چل کر اپنی زندگیوں میں انقلاب لا سکتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل پروفیسر پیرصدر محمد آصف رضا قادری نے جامع مسجد سبحان اللہ ریس کورس اسلام نگر میں “حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال”کے موقع پر”عظمت و شان خاتون جنت سیمینا ر”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالی عنہا عفت ، پاکیزگی ،پاک دامنی ،شرم و حیا ،صبر و رضا ،قناعت و سخاوت ،تحمل و بردباری ،اطاعت و فرمانبرداری جیسی اعلیٰ صفات کی عملی تصویر تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالی عنہا جود و سخا کی پیکر تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا پردہ کی نہایت ہی پابند تھیں اور حد درجہ حیادار تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا جنتی عورتوں کی سردار ہیں اور عورتوں میں سب سے پہلے جنت میں داخل ہونگی۔آپ رضی اللہ تعالی عنہاچال ڈھال ،سیرت و کردار میں نبی پاک ۖ سے بہت زیادہ مشابہ تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالی عنہا کا بچپن پر آشوب حالات میں گزرا ۔کیونکہ وہ دن سرکار ۖ کی تبلیغ اسلام کے حوالے سے انتہائی کٹھن اور مشکل تھے ۔بیماری میں بھی ٹھنڈے پانی سے وضو کرتیں اور چکی پیستی رہتیں ۔آپ کو عبادت الہٰی سے بے انتہا شغف تھااور خوف ِ الہٰی سے لرزاں رہتی تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالی عنہا نبی پاک ۖ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی تھیں ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہی کے ذریعے حضور ۖ کی اولاد پاک کا سلسلہ اس کائنات میں پھیلا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں