51

فیصل آباد میں ٹریفک نظام درہم برہم ، شہریوں کو شدید پریشانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی ٹی او مقصود احمد لون کی عدم دلچسپی کے باعث فیصل آباد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹریفک وارڈنز کی توجہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی بجائے چالان کرنے پر مرکوز’ بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ٹریفک وارڈن اپنے ٹارگٹڈ چالان مکمل کرکے چوراہوں اور شاہراہوں سے غائب ہو جاتے ہیں۔ تفصیل کے مطابق سی ٹی او مقصود احمد لون نے مانچسٹر آف پاکستان فیصل آباد میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی بجائے ان کی تمام تر توجہ ریونیو اکٹھا کرنے پر لگا رکھی ہے اور ٹریفک سیکٹر انچارج اور ٹریفک وارڈنز کو روزانہ کی بنیاد پر چالان کرنے کے ٹارگٹ تفویض کر رکھے ہیں اور چالان نہ کرنے والے ٹریفک وارڈنز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے، ٹریفک وارڈنز شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ناکہ لگا کر بلاوجہ گاڑیوں’ بسوں’ ویگنوں اور موٹرسائیکل سواروں کو روک کر دھڑا دھڑ چالان کرنے میں مصروف رہتے ہیں اور چالانوں کا ٹارگٹ مکمل ہونے کے بعد غائب ہو جاتے ہیں یا پھر سڑک کنارے بیٹھ کر خوش گپیوں اور موبائل فونز پر گیمز کھیلنے لگتے ہیں۔ شہر کے اہم چوراہوں پر ٹریفک وارڈنز غائب نظر آتے ہیں اور شہریوں کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بھی ہونے لگتی ہیں۔ جس کے باعث ٹریفک حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں اور بالخصوص افطاری کے اوقات میں پورے شہر کی ٹریفک جام نظر آتی ہے اور اکثر شہریوں کے روزے روڈ پر ہی افطار ہوتے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں