96

وزیراعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کا دورہ فیصل آباد (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پتنگ بازی خونی کھیل بن چکا ہے، والدین بچوں کو روکیں’ انتظامیہ پولیس دھاتی تار بنانے’ فروخت کرنے’ خریدنے پر سخت کارروائی کرے’ مریم نواز اپنے والد کے ہمراہ واسا کے ہلاک ہونے والے سیورمینوں کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور آصف وشان مسیح کے والدین سے ملاقات مریم نواز نے متوفی کے بچوں کو گود میں اٹھا کر پیار کیا اور ہلاک ہونے والے سیورمین کی والدہ کو دلاسا دیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ورکرز کیلئے آکوپیشنل سیفٹی کٹس دی جا رہی ہیں دونوں سیورمینوں کی جان جانے کا افسوس ہے، وزیراعلیٰ پنجاب قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے ہمراہ ریلوے ہائوسنگ کالونی سمن آباد میں دھاتی ڈور پھرنے سے جاں بحق نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ پر بھی گئیں اور والد محمد اشفاق ودیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دعائے مغفرت کی دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز’ نواز شریف کے ہمراہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب’ پرویز رشید’ طلال چوہدری’ خلیل طاہر سندھو’ چیف سیکرٹری پنجاب’ آئی جی’ کمشنر’ آر پی او بھی موجود تھے آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بتایا انہوں نے کہا کہ ڈور منگوانے’ بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہو چکے ہیں، خیبرپختونخوا سے پانڈا ڈور سپلائی کی جا رہی تھی ایسے گھنائونے دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں پتنگ بازی کے خونی کھیل کو روکا جائے تاکہ کسی بھی شہری کی زندگی کا چراغ غُل نہ ہو،، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دو سیور مینوں کی ہلاکت اور دھاتی ڈور سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے گھروں میں جا کر افسوس کا اظہار کرنا اور ان کے اہل خانہ کو دلاسا دینا اچھا اقدام ہے اس سے ناگہانی آفت سے گزرنے والوں کے دل کا بوجھ ہلکا ہو گا تاہم مرنے والوں کے گھروں میں جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہو سکے گا واسا کے سیور مینوں کو اپنی جانوں کی حفاظت کیلئے حفاظتی کٹس استعمال کرنے میں تساہل سے کام نہیں لینا چاہیے جبکہ انتظامیہ’ پولیس کو پتنگ بازی کے خونی کھیل پر قابو پانے کیلئے مزید سخت اقدامات کرنے چاہیں تاکہ اس خطرناک کھیل کا قلع قمع کیا جا سکے اس سلسلے میں والدین کا بھی رول بہت اہم ہے ان کو بھی اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے باز رکھنے کیلئے سختی کرنا ہو گی حکومت کو سب سے پہلے اس دھندے میں ملوث ان بڑے ڈیلرز پر ہاتھ ڈالنا ہو گا جو مختلف مقامات پر بیٹھ کر ملک بھر میں دھاتی ڈور سپلائی کرتے ہیں جبکہ پتنگ ساز ادارے مختلف طریقوں سے ملک کے مختلف حصوں میں پتنگیں سپلائی کرنے میں مصروف ہیں جن پر آہنی ہاتھ ڈالنا ہو گا ورنہ نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے،، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے دورہ فیصل آباد کے موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات بھی کی اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد میں 100سپیڈوبسیں اور میٹروبس سسٹم لا رہے ہیں کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں کے منصوبہ میں بھی فیصل آباد شامل ہے،، مریم نواز شریف کا فیصل آباد میں 100 سپیڈوبسوں اور میٹروبس سسٹم لانے کا اعلان خوش آئند ہے بلاشبہ فیصل آباد میں میٹروبس کی اشد ضرورت ہے اس منصوبہ پر کئی سال پہلے عملدرآمد ہونا تھا جو نہ ہو سکا وزیراعلیٰ نے اہالیان فیصل آباد کو یہ خوشخبری دیکر ایک بار پھر اس منصوبہ کو زندہ کر دیا ہے ماضی میں فیصل آباد کے ٹرانسپورٹروں کے تعاون سے شہر میں انٹرسٹی بسیں چلائی گئی تھیں جو اب خال خال نظر آتی ہیں ایک سو سپیڈوبسوں کی فراہمی سے یہاں کے شہریوں کو سستے سفر کی سہولت حاصل ہو گی اس حوالے سے تجویز ہے کہ سپیڈوبسوں کے روٹ ضلع کی تحصیلوں تک وسیع کئے جائیں جبکہ میٹروبس منصوبہ کے روٹ کو بھی ضلع کی چاروں تحصیلوں کے عوام تک اس کے سفری ثمرات پہنچائے جانے چاہئیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فیصل آباد کو تعمیر وترقی کے حوالے سے اہمیت دیں گی اور یہاں کے شہریوں کیلئے ترقی وخوشحالی کے نت نئے منصوبے بنائیں گی۔ فیصل آباد میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں ہونے والی ڈکیتی چوری’ راہ زنی سمیت دیگر جرائم پر قابو پانے کے اقدامات ناگزیر ہیں اس سلسلے میں وزیراعلیٰ’ آئی جی پنجاب کو متعلقہ پولیس افسران کو احکامات جاری کرنے کا حکم دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں