لاہور(سپورٹس نیوز)پاکستان کے علیم ڈار نے امپائرنگ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔کرکٹ کی تاریخ میں ریکارڈ 551 میچز کے بعد علیم ڈار لگاتار 25 سال ذمہ داریاں نبھانے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے ہیں۔6 جون 1968 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے علیم سرور ڈار نے 16 فروری 2000 کو بطور امپائر گوجرانوالہ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ون ڈے میچ سے ڈبیو کیا، جلد ان کو آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں جگہ مل گئی اور وہاں سے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے۔21 اکتوبر 2003 کو ڈھاکہ میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کا ٹیسٹ میچ سپروائز کیا، 7 مئی 2009 میں دبئی سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 میچ میں امپائرنگ کا آغاز کیا۔3 بار دنیا کے بہترین امپائر کا ایوارڈ پانے والے علیم ڈار نے 231 ون ڈے میچز میں امپائرنگ کی، 145 ٹیسٹ میچز ان کے ریکارڈ پر ہیں جبکہ 70 ٹی 20 میچز میں بھی علیم ڈار نے فرائض نبھائے۔2013ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز پانے والے علیم ڈار 5 ٹی 20 ورلڈکپس میں امپائرنگ کرنے کا کارنامہ بھی رکھتے ہیں۔
28